20 اگست 2015
وقت اشاعت: 2:20
پنجابی فلموں کے ہدایتکار یونس ملک قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک
جیو نیوز - لاہور....... مولا جٹ، وحشی گجر اورشیرخان جیسی سپرہٹ پنجابی فلموں کے ہدایتکار یونس ملک کو لاہور کے قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔پاکستان فلم انڈسٹری کے ڈائریکٹر یونس ملک طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے،کچھ روز قبل انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر پر فلم انڈسٹری میں غم اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ ان کی دائمی جدائی پر کئی ساتھی آبدیدہ نظر آئے۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں رشتہ داروں، دوستوں اور فلم انڈسٹری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یونس ملک کی بطور ڈائریکٹر بڑی فلموں میں مولا جٹ،شیرخان، آخری جنگ سمیت کئی سپرہٹ فلمیں شامل ہیں۔ مرحوم نے تین بیٹے،ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔