31 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:4
گیتا اور ہربھجن سنگھ، محبت اور اسکینڈلز کے بعد شادی کا منڈپ
جیو نیوز - کراچی......مشتاق احمد سبحانی......بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کا رومان 8سال پہلے اس وقت شروع ہوا جب یہ دونوں پہلی بار ایک تقریب میں ملے۔گیتا اْن دنوں فلمی دنیا میں نئی نئی آئی تھیں اورفلموں میں خود کو منوانے کی جدوجہد میں مصروف تھیں جبکہ ہربھجن تقریباً دس سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے تھے اور بھارت کے کامیاب آف اسپنر تھے۔
گیتانے اْس وقت تک صرف دو فلموں میں کام کیا تھا۔پہلی فلم ”دل دیا ہے“2006 میں اور دوسری”دی ٹرین“2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔ ان دونوں فلموں میں وہ مشہور اداکار عمران ہاشمی کے مقابل تھیں۔
ہربھجن جو اپنا پہلا ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل 1998 کے اوائل میں کھیلے، 2007 تک ڈھائی سو ٹیسٹ وکٹیں لے چکے تھے۔وہ ٹیسٹ کر کٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بھارتی بولر تھے۔
بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر سے تعلق رکھنے والے ہربھجن ایک دلچسپ شخصیت کے مالک ہیں جومخصوص لہجے میں پنجابی بولنے کے لئے مشہور ہیں اور دوستوں میں”بھجی“ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
دوسری جانب گیتا،جو ایک بار مقابلہ حسن جیت چکی تھیں،انگلستان کے شہر پورٹس ماوٴتھ میں پیدا ہوئیں۔ان کے والدین بھارتی ہیں اور ان کا تعلق بھی پنجاب سے ہے۔انہیں اداکاری کا شوق تھا اوراس میں انہوں نے ڈپلومہ حاصل کیا۔
2007 میں پہلی ملاقات کے بعد ہربھجن اور گیتا کے درمیان دوستی گہری ہوتی گئی اور دونوں تواتر سے ملتے رہے۔2008ء میں ہربھجن نے ٹی وی پر ”ایک حسینہ ایک کھلاڑی“ کے نام سے ڈانس ریئلٹی شو میں حصّہ لیا۔ ٹی وی آرٹسٹ مونا سنگھ ان کی ڈانس پارٹنر تھیں اور ان دونوں نے یہ مقابلہ جیت بھی لیا۔
اس پروگرام کی پروموشن کے لئے ہربھجن ممبئی کے ایک فائیواسٹار ہوٹل میں ٹہرے ہوئے تھے۔اس وقت اچانک گیتا کو ہربھجن سے ملاقات کے لئے ہوٹل میں آتے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔پوچھا گیا تو گیتا نے جواب دیا کہ وہ صرف اچھے دوست ہیں اور ان کے درمیان ایسی ویسی کوئی بات نہیں ۔
پھر 2010ء میں گیتا کو فلم سٹی اسٹوڈیو میں ڈانس رئیلٹی شو ”ذرا نچ کے دکھا“کے سیٹ پر دیکھا گیا جہاں ہربھجن شوٹنگ میں حصّہ لے رہے تھے۔اس کے بعد انڈین پریمئیر لیگ کی تقسیم ِاعزازات کی تقریب میں اداکار شاہ رخ خان نے جو اس کی میزبانی کررہے تھے، ہربھجن سے پوچھا” آپ کا گھر کب بس رہا ہے؟“۔ہربھجن شرم کے مارے کچھ بول نہیں سکے توشاہ رخ نے ایک اور حملہ کرتے ہوئے کہا”گیتا کی قسم کھا کر کہو“۔
اس کے بعد ہربھجن اور گیتا کھلے عام ملتے رہے اور مختلف جگہوں پر گھومتے پھرتے دیکھے جاتے رہے۔ اس دوران میں ہربھجن اپنے کیرئیر کے بحرانی دور سے بھی گذرے۔ ادھر گیتا بھی چھہ سال تک بیکار رہیں۔ پھر دونوں اپنے اپنے پرو فیشن میں جٹ ہوگئے۔
2013 میں گیتا کی فلم ”ضلع غازی آباد “ نمائش کے لئے پیش ہوئی۔اگلے سال ان کی دو فلمیں ریلیز ہوئیں۔اب تک ہربھجن کوکرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ فلموں میں اداکاری کاشوق بھی ہوگیاتھا۔ گیتا نے اس سلسلے میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔ہربھجن نے دو فلموں میں کام کیا اور ان میں سے ایک فلم ”سیکنڈ ہینڈ ہزبینڈ“میں گیتا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔یہ فلم رواں سال کے دوران ہی نمائش پذیر ہوئی۔
ہربھجن سنگھ کا کرکٹ کیرئیرابھی بھی کامیابی سے جاری ہے جبکہ گیتابسرا فلموں میں کام نہ ملنے کی وجہ سے اپنے فلمی کیرئیرسے مایوس نظر آتی ہیں۔ بہر حال، ان دونوں نے اب شادی کے بندھن میں بندھ جانے کا فیصلہ کیا اور 29 اکتوبر کو جالندھر میں روایتی پنجابی اندازمیں شادی کرلی۔