تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
26 فروری 2016
وقت اشاعت: 18:47

عاطف اسلم چار بار نامزد گی کے باوجود فلم فیئرایوارڈ نہ لے سکے

جیو نیوز - کراچی......مشتاق احمد سبحانی......پاکستانی گلوکار عاطف اسلم چار بار نامزد گی کے باوجود بھارت فلم انڈسٹری کا معروف فلم فیئرایوارڈ تاحال حاصل نہکر سکے۔

15جنوری کو ممبئی میںمنعقدہ 61ویں فلم فیئرایوارڈ کی شاندار رنگا رنگ تقریب میں عاطف اسلم بھی بہترین مرد گلوکار کے لئے دیگر چار گلوکاروں کے ساتھ مقابلے میں شریک تھے، مگر جب اعلان کیا گیا تووہ بھارت کے اس سب سے بڑے فلمی ایوارڈ سے محروم رہے۔

اس سال بہترین گلوکار کا یہ ایوارڈ بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کوملا جودو مختلف گانوں پر نامزدکئے گئے تھے۔ ایک فلم ’’رائے‘‘ کے گانے ’’سورج ڈوباہے‘‘ اوردوسرے ،فلم ’’دل والے‘‘ کے گانے ’’گیروا‘‘پر۔ تاہم انہیں اول الذّکر گانے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔اس مقابلے میں عاطف کے علاوہ انکت تیواری، وشال دادلانی اور پاپون کی نامزدگیاں بھی شامل تھیں۔

عاطف اسلم اب تک چار مرتبہ بہترین گلوکار کےفلم فیئرایوارڈ کے لئے نامزد ہو چکے ہیں۔ پہلی مرتبہ وہ 2006ء میں فلم ’’زہر‘‘ کے گانے ’’وہ لمحے‘‘ کے لئے نامزد ہوئے۔ پھر اگلے سال’ ’بس اِک پَل‘‘ کے گانے’’تیرے بِن‘ ‘ اور2010ء میں فلم ’’عجب پریم کی غضب کہانی‘‘کے گانے ’’تُو جانے نا‘‘ کے لئے نامزد ہوئے۔ اُن کی چوتھی نامزدگی اِمسال فلم ’’بدلہ پُور‘‘ کے گانے ’’جینا جینا‘‘کے لیے تھی۔

عاطف چار مرتبہ فلم فیئرایوارڈ کی نامزدگیاں حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی مرد گلوکار ہیں۔ اس سے قبل راحت فتح علی خان بھی چار مرتبہ نامزد ہوچکے ہیں اور خوش قسمتی سےوہ ایک مرتبہ یہ ایوارڈ حا صل کرنے میں کامیاب بھی ہوئے۔

راحت کی پہلی نامزدگی 2010ء میںفلم’’ لَو آج کل ‘‘ کے گانے ’’آج دِن چڑھیا‘‘ کے لئے ہوئی تھی۔ اس سال ان کے ساتھ عاطف اسلم کی نامزدگی بھی ہوئی۔اگلے سال 2011ء میںراحت دو مختلف گانوں پر نامزد ہوئے اور فلم ’’عشقیہ‘‘ کے گانے ’’دل تو بچّہ ہے جی‘‘ پر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ان کی دوسری نامزدگی فلم ’’مائی نیم اِز خان‘‘ کے گانے ’’سجدہ‘‘ پر ہوئی تھی۔

ان کے ساتھ ایک اور پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی بھی فلم ’’آئی ہیٹ لَو اسٹوریز‘‘ کے گانے ’’بِن تیرے‘‘ پر نامزد تھے جبکہ عدنان سمیع بھارتی گلوکار شنکر مہا دیون کے ہمراہ ’’مائی نیم اِز خان‘‘ کے گانے ’’نُورِخدا‘ ‘پر نامزد ہوئے۔ اس طرح 2011ء میں اس ایوارڈ کے لئے پانچ میں سے چار نامزدگیاں پاکستانی گلوکاروںکے حصّے میں آئیں۔عدنان اس سے قبل 2002ء میں بھی فلم ’’اجنبی‘‘ کے گانے ’’محبو بہ محبو بہ‘‘ کے لئے نامزد ہو چکے تھے۔ انہیں فلم فیئرایوارڈ کی نامزد گی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی مرد گلوکارہونے کا اعزاز ملا مگر اب عدنان کی پاکستانی شہریت منسوخ ہوچکی ہے اور وہ بھارتی شہری بن چکے ہیں۔

2012ء فلم فیئرایوارڈ کے لیے راحت فتح علی کی نامزدگیوں کا مسلسل تیسرا سال تھا۔اس طرح وہ تین سال میں چار نامزدگیاں حاصل کرچکے تھے۔ اس سال ان کی نامزدگی فلم ’’باڈی گارڈ‘‘ کے گانے ’’تیری میری پریم کہانی‘‘ کے لئے تھی۔ان کے ساتھ شفقت بھی مسلسل دوسرے سال نامزد ہوئے ۔ان کی نامزدگی فلم ’’راوَن‘‘ کے گانے ’’دلدارا‘ ‘کے لیے تھی۔

بھارتی فلموں کے لیے گانے والے پہلے پاکستانی گلوکار نصرت فتح علی خان تھے۔ انہو ں نے ایک بھارتی فلم کے لئے موسیقی بھی ترتیب دی۔تاہم 1980ء کی دہائی کے اوائل میںدو پاکستانی خاتون گلوکارائیں بھارتی فلموں کے لئے گا چکی تھیں اور انہوں نےایوارڈ زبھی وصول کئے۔ دونوں نے اپنے فنّی کیرئیر کا آغاز بھارتی فلموں ہی سے کیا اور اپنی پہلی ہی فلم کے گانوں پر ایوارڈز حاصل کئے۔
بھارتی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی پہلی پاکستانی خاتون نازیہ حسن تھیں جنہوں نے فلم ’’قربانی‘‘ کے لیے ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘‘ گاکر 1981ء کافلم فیئر ایوارڈ جیتا۔15سالہ نازیہ نےسب سے کم عمری میںبہترین گلوکارہ کا ایوارڈ حاصل کر نے کا ریکارڈ قائم کیا جوگذشتہ35 برسوں سے برقرار ہے۔

دو سال بعد1983ء میں بہترین خاتون گلوکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے پانچ میں سے چار نامزدگیاں پاکستانی گلوکاراؤں کی تھیں۔ ایک تو فلم ’’اسٹار‘‘ کے گانے ’’بُوم بُوم‘‘ کے لئے نازیہ حسن کی تھی اور تین نامزدگیاں پہلی مرتبہ کسی فلم میں اداکاری اور نغمہ سرائی کے جوہر دکھانے والی فنکارہ سلمٰیٰ آغا کی تھیں۔یہ نامزدگیاں فلم ’’نکاح‘‘ کے تین گانوں’ ’دِل کے ارماں آنسوئوں میں بہہ گئے‘‘،’ ’دِل کی یہ آرزو ہے‘‘ اور ’’فضاء بھی ہے جواں جواں‘‘ کے لیےتھیں۔ان میں سے پہلے گانے پر انہیں ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔

سلمیٰ آغا دو سال بعد پھر نامزد ہوئیں۔ یہ نامزدگی فلم ’’قسم پیدا کرنے والے کی‘‘ کے گانے ’’جُھوم جُھوم بابا‘‘ پرکی گئی تھی۔ اس طرح سلمیٰ آغا چار مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدہونے والی پہلی پاکستانی شخصیت بنیں۔ اب عاطف اسلم یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے مرد گلوکار اور مجموعی طور پر تیسرے گلوکار ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.