6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 7:57
کراچی میں سجا شاندار فوڈ فیسٹیول ،’کہیں آپ مس تو نہیں کرگئے!!‘
جیو نیوز - کراچی ....مدیحہ بتول....رنگ برنگی روشنیوں میں ڈوبا کراچی کا فریئر ہال،سبز مخملی فرش، جنوری کی ٹھنڈی معطر ہوائیں اور ایسے میں ذائقہ دار کھانوں کی خوشبو جو۔۔دور۔۔ ہی سے بھوک بڑھا نا دے ۔۔یہ بھلا کیسے ممکن ہے۔۔!!
شائد اتوار کی رات اسی خوشبو نے سینکڑوں شہریوں کی مقناطیس کی طرح اپنی طرف کھینچ لیا ۔ یہ بات ہو رہی ہے ’ایٹ کراچی ‘ کے نام سے تین روز تک جاری رہتے والے فوڈ فیسٹیول کی۔ ویک اینڈ پر یہاں اس قدر رش تھا کہ جنگ ویب کی نمائندہ کو بھی کوئی میل بھر پہلے گاڑی سے اتر کر پیدل چلنا پڑا۔
فیسٹیول میں جس ذوق و شوق سے لوگوں نے شرکت کی اسے دیکھ کر یوں لگتا تھا کہ کھانے پینے کے معاملے میں کراچی والے بھی ’زندہ دلانا لاہوریوں سے کسی طور کم نہیں۔‘
فاسٹ فوڈ ہو یا کانٹی نینٹل،اطالوی ہو ںیا چائنیز ڈشیز،ایک ہی جگہ اتنے ڈھیرسارے کھانوں کے دسترخوان دیکھ کر شہری عش عش کر اٹھے۔
لوگوں کی بڑی تعداد چائنیز کچن کے ارد گر د جمع تھی۔ اس کے بعد جس اسٹال پر رش دیکھنے کو ملا وہ حیدرآبادی کھانے تھے۔ لوگوں نے جی بھر کرحیدرآبادی کھانوں کا مزہ لوٹا۔
کچھ لوگ پاکستان کے روایتی کھانوں کو ترجیح دے رہے تھے تو کچھ افراد نے بوہری بازارصدر کی مشہور چاٹ کھاکر سرد شام کا مزہ دوبالا کیا جبکہ درجنوں لوگوں کی بھیڑ مختلف اقسام کے برگر اسٹالز پر بھی نظر آئی جہاں کوپن لے کر اپنی باری کے انتظار قطاریں لگی تھیں لیکن کھانے کے شوقین افراد کویہ انتظار بھی برا نہیں لگ رہا تھا۔
بڑے تو بڑے ،ان کے ساتھ آئے ہوئے بچوں کے لیے بھی فیسٹول انتظامیہ نے ان کی عمر اور ذوق کےلحاظ سے ان کی سرگرمیوں کا پورا پورا خیال رکھا ۔
فیسٹول میں فلاحی اداروں نے بھی شرکت کی جہاں ذہنی معذور بچوں کے لیے چندہ بھی جمع کیا گیا۔