6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 8:45
رجنی کانت، ثانیہ مرزاکیلئے سب سے بڑے ایوارڈزکا اعلان
جیو نیوز - کراچی....رفیق مانگٹ....بھارتی حکومت کی جانب سےثانیہ مرزا ،رجنی کانت اورانوپم کھیر سمیت کئی شخصیات کو’ پدم وی بھوشن‘ اور’پدم بھوشن‘ ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں برس یوم جمہوریہ کے موقع پر بھارتی حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میںاہم شخصیات کو ان کی خدمات کے صلے میں’پدم وی بھوشن‘،’پدم بھوشن ‘اور ’پدم شری‘ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت نے اداکار رجنی کانت، راموجی راؤ، مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر جگموہن اور روحانی گرو شری شری روی شنکر کے لئے ’پدم وی بھوشن‘ ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔ معروف صنعت کاردھیروبھائی امبانی کو ان کے مرنے کے بعد یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔
سابق کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل ونود رائے، بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر اور گلوکار اودت نرائن ،بھارت میں امریکا کے سابق سفیر رابرٹ ڈی بلیک ول، کھلاڑی سائنا نیہوال اور’ بینٹ کول مین اینڈ کمپنی کو ’پدم بھوشن‘ ایوارڈ دیا جائے گا۔
سینئر وکیل اوجل نکم ، اداکار اجے دیوگن اور پریانکا چوپڑا کو پدم شری سے نوازا جائے گا۔
رجنی کانت کی بیٹی نے سوشل میڈیا پر اس کی تصدیق کی۔ انہوںنے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے کہ انہیں اپنے والد پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کا سب سے بڑا شہری اعزاز’ بھارت رتن‘ ہے جبکہ دوسرا بڑا اعزاز ’پدم وی بھوشن ‘،تیسرا بڑا ایوارڈ’پدم بھوشن ‘اور چوتھا ’پدما شری‘ ہےجو فن، سماجی بہبود، سائنس، تجارت ادب ،تعلیم، کھیل اور سول سروسز جیسے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے پر عطاکئے جاتے ہیں ۔