تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
26 اپریل 2016
وقت اشاعت: 8:36

گلزارنہیں آرہے، گورنر بھی نہیں آئیں گے،نمائش بھی نہیں ہو گی

جیو نیوز - کراچی.....فاضل جمیلی.....پاکستانی مصورشاہدرسام کی بھارت کے شہر کولکتہ میں ہونے والی تصویری نمائش آخری لمحات میں روک دی گئی۔ کولکتہ کے وکٹوریہ میموریل ہال میوزیم نے اخراجات کے سارے بل بھی پاکستانی مصور کو بھیج دیے۔

کراچی پریس کلب میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کرتے ہوئے شاہد رسام نے کہا کہ وکٹوریہ میموریل میوزیم انتظامیہ نے کہا ہے کہ جب تک میوزیم کے اخراجات کے بل ادا نہیں ہوں گے تب تک تصویریں واپس نہیں ہوں گی۔

شاہد رسام نے مزید بتایا کہ 20فروری کو ان کی’’غالب، گلزار....پینٹنگز سیریز‘‘ کی پہلی نمائش وی ایم ایچ میوزیم کولکتہ میں ہونا تھی۔ تصویریں گیلری میں آویزاں ہو چکی تھیں۔افتتاحی تقریب کے کارڈ تقسیم ہو چکے تھےلیکن نمائش سے تین گھنٹے قبل انہیں منتظمین کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں میں لکھا گیا تھا کہ گلزار نہیں آرہے، گورنر بھی نہیں آئیں گے لہٰذانمائش نہیں ہو سکتی۔ یہ دُنیا کی واحد مثال ہے کہ مہمانانِ خصوصی کی عدم شرکت کے باعث پوری نمائش ملتوی کر دی گئی ہے۔

شاہد رسام کے مطابق ’’غالب، گلزار پینٹنگز سیریز‘‘ کے اس سے قبل ممبئی اور کراچی میں کرٹن ریزرزہو چکے ہیں ۔ ممبئی میں گلزار بذاتِ خود پریس کلب میںمیڈیا کے سامنے موجود تھے جبکہ کراچی میں وہ اسکائپ کے ذریعے شریک ہوئے۔ کولکتہ میں ہونے والی نمائش کے حوالے سے بھی انہیں اُمید تھی کہ گلزاراس موقع پر ضرور آئیں گے لیکن آخری لمحات میں انہوں نے وہاں آنے سے معذرت کرلی جس پر وی ایم ایچ نے پوری نمائش ہی ختم کرکے نہ صرف انہیں ذہنی اذیت سے دوچار کیا بلکہ اب مختلف مدوں کے بل بھیج کر مالی نقصان بھی پہنچایا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران نامور ادیب شکیل عادل زادہ بھی شاہد رسام کے ساتھ موجود تھے۔ شکیل عادل زادہ کے مطابق انہوں نے آخری لمحات تک گلزار کو نمائش میں آنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی عمراور اپنے اوپر بہت زیادہ دبائو ہونے کا تذکرہ کرتے رہے۔ ان کے اوپر کونسا ایسا دبائو تھا اس کی وضاحت انہوں نہیں کی بلکہ نمائش والے دن نہ صرف ان کا فون سننا بند کردیا بلکہ میسج کا جواب تک نہیں دیا۔ نہ جانے کونسی ایسی مجبوری تھی جس کے ہاتھوں مجبور ہوکرگلزار نے ان کے ساتھ 40سالہ تعلقات کا خیال تک نہیں رکھا۔

شاہدرسام نہ صرف اپنی نمائش ملتوی ہونے پر دل گرفتہ ہیں بلکہ گلزارکے رویے پر بھی حیرت زدہ ہیں جوانہیں نہ صرف بہترین مصور قرار دیتے تھے بلکہ کہا کرتے تھے کہ ’’میرا اور شاہد کا ایمان غالب ہے‘‘۔ شاہد رسام اب اپنی پینٹنگز سیریز سے گلزار کو منہا کرکے صرف غالب تک محدود رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غالب ویسے بھی اپنے ساتھ کوئی لاحقہ یاسابقہ لگانے کو پسند نہیں کرتے۔ بھارت میں اب یہ نمائش اسی صورت میں ہوگی جب وہاں انہیں مہربان ہو کر بلایا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.