تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 4:36

امریکی صدراوباما کیخلاف بننے والی متنازعہ فلم کا پریمئرشو آج ہوگا

جیو نیوز - ہیوسٹن ٹیکساس…راجہ زاہد اختر خانزادہ…امریکی صدربراک اوباما کے خلاف بننے والی متنازعہ فلم2016اوباماز امریکا کا پہلا پریمئرشو آج یہاں ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے ایوارڈ سینما میں منعقد ہوگا۔مذکورہ فلم کو امریکا بھر میں ایک متنازعہ فلم تصور کیا جارہا ہے کیونکہ مذکورہ فلم کو ایک امریکی رجعت پسند کمنٹیٹر دنیس ڈی سوزا کی کتا ب دی روٹس آف اوباما کے مرکزی خیال او ر واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ ا س فلم میں بتایا گیا ہے کہ اگر امریکی صدر اوباما واپس منتخب ہوجاتے ہیں تو 2016کا امریکا کس طرح سے ہوگا۔مذکورہ فلم کے پروڈیوسر گیرلڈ رابٹ ملون ہیں جو کہ امریکا کے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پروڈیوسر ہیں جنہوں نے ماضی میں معروف امریکی فلمیں جراسک پارک ،ٹوئسٹر ،رین مین جیسی فلمیں پیش کی ہیں۔فلم کے پروڈیوسر کا کہنا ہے یہ فلم ہرکسی امریکی کے ذائقہ پر تو پوری نہیں اترے گی تاہم انہیں امید ہے کہ کافی لوگ اسے پسند کریں گے۔جبکہ کچھ ایسے بھی ہوں گے جو اس کو نفرت بھری نگاہوں سے دیکھیں گے۔واضح رہے کہ سابقہ امریکی صدارتی انتخابات سے قبل امریکا کے ایک معروف پروڈیوسر مائیکل مور نے ایک فلم فارن ہائیٹ9/11کونمائش کے لئے پیش کیا تھا جو کہ سابق امریکی صدر بش کی پالیسیوں کے خلا ف تھی جب کہ ایک مقدمہ کے دوران امریکا کی ہائی کورٹ نے 2010میں رولنگ دی تھی کہ جن لوگوں کی جیبیں کافی گہری ہوتی ہیں وہ اس طرح کی فلموں سے اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں ۔ خیال کیا جارہا ہے کہمذکورہ فلم آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر اوباما کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کی جائے گی۔ تاکہ امریکی رائے عامہ کو مزید ان کے خلاف بھڑکایا جاسکے ۔فلم 2016اوباماز امریکا کا آئندہ ہفتے ایک اور پریمئر شو لانس اینجلس میں منعقد ہوگا جس کے بعد یہ فلم 27جولائی سے امریکا بھر میں عام نمائش کیلئے تمام سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کردی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.