25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
اٹھاون پاکستانی کھلاڑیوں کی آج آمد
بی بی سی اردو - انیسویں دولت مشترکہ کھیلوں میں شرکت کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کا پہلا دستہ بدھ کی شام دلی پہنچ رہا ہے۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری میجر(رٹائرڈ) محمد افضل کے مطابق پہلا دستہ اٹھاون کھلاڑیوں اور عہدیداران پر مشتمل ہوگا۔
پاکستانی کھلاڑی آٹھ مقابلوں میں حصہ لیں گے جن میں ایتھلیٹکس کے علاوہ ہاکی، سکواش، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، مکے بازی اور شوٹنگ بھی شامل ہیں۔
تین ایتھلیٹ اور نشانے بازی کی ٹیم دو اکتوبر کود لی پہنچے گی۔
میلبورن کے دولت مشترکہ کھیلوں میں ویٹ لفٹر شجاع الدین ملک نے پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ شجاع الدین کا تعلق گجرانوالا سے ہے اور وہ پچاسی کلوگرام کے زمرے میں حصہ لیں گے۔
گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے مجموعی طور پر پانچ تمغے حاصل کیے تھے جن میں تین چاندی کےمیڈل بھی شامل تھے۔(مہر اللہ، باکسنگ، ارشاد علی شوٹنگ اور مردوں کی ہاکی)۔پانچواں میڈل(کانسی) محمد عرفان نے ویٹ لفٹنگ( ستتر کلوگرام وزن) میں حاصل کیا تھا۔
لیکن پاکستان کے ہاکی کوچ مشیل وان ڈی ہیوول کے اس بیان کے بعد کہ پاکستانی ہاکی ٹیم گولڈ میڈل نہیں جیت سکتی، اب زیادہ امیدیں ویٹ لفٹنگ اور ٹینس سے ہی وابستہ ہیں جس میں اعصام الحق بھی ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
گیمز ولیج میں تیاریاں مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کئی ٹیموں نے وہاں رہائش اختار کرنے میں تاخیر کی تھی اور ولیج کا دورہ کرنے کے بعد دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے بھی کہا تھا کہ ابھی کافی کام ہونا باقی ہے۔ لیکن تب سے زیادہ تر کام مکمل ہوگیا ہے اور یہاں ٹیم کے ایک ترجمان کے مطابق پاکستانی دستہ ہوائی اڈے سے سیدھا کھیل گاؤں جائے گا۔
لاہور میں ہاکی ٹیم کے کوچ ہیوول نے کہا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز میں کسی معجزے کی امید نہیں کی جانی چاہیے۔ پاکستان کو گروپ اے میں جگہ ملی ہے جس میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا، ملیشیا، سکاٹ لینڈ اور انڈیا بھی شامل ہیں۔
پاکستان کو عالمی رینکنگ میں فی الحال آٹھواں مقامل حاصل ہے اور حال ہی میں دلی میں ہونے والے عالمی کپ میں وہ بارہویں نمبر پر رہا تھا۔