25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
کرکٹ ورلڈ کپ: تیاریاں مکمل نہیں ہیں
بی بی سی اردو - ئی سی سی کے چیف ایگزیکیٹو ہارون لوگارٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے مختص میدانوں میں سے پانچ میں تیاری کا کام ابھی پیچھے چل رہا ہے۔
تاہم مسٹر ہارون لوگارٹ کو یقین ہے کہ بھارت ، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں ورلڈ کپ کے لیے منتخب یہ تمام مقامات وقت پر تیار ہو جائیں گے۔
ورلڈ کپ کا پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 19 فروری کو ہوگا۔مبمئی کا وانکھڈے سٹیڈیم تنظیم کے لیے تشویش کا باعث ہے جہاں ورلڈ کپ کا فائنل ہونا ہے اس سٹیڈیم میں ابھی تک بڑے پیمانے پر کام چل رہا ہے۔
اسی طرح کولکتہ کا ایڈن گارڈن میں بھی مرمت کا کام چل رہا ہے۔بھارتی سپورٹس گزشتہ سال کے کامن ویلتھ گیمز کے جھٹکوں سے ابھی سنبھلنے کی کوشش کر رہا ہے جب ملک میں گیمز کی تیاریاں مکمل نہ ہونے اور سہولیات میعار کے مطابق نہ ہونے کے سبب کئی ممالک کی ٹیموں نےگیمز میں شامل نہ ہونے کی دھمکی دی تھی۔
تاہم ہارون لوگارٹ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے مختص سٹیڈیموں میں کام تھوڑا پیچھے ضرور ہے لیکن انہیں امید ہے کہ یہ کام ورلڈ کپ سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ پاکستان کے تین کھلاڑیوں کے خلاف سپاٹ فکسنگ کے کیس کا فیصلہ پانچ فروری کو آنے والا ہے جس کا ورلڈ کپ پر بھی اثر پڑے گا۔
مسٹر لوگارت نے کہا کہ اس کیس کا فیصلہ آنے اور ٹورنامنٹ شروع ہونے کے درمیان خاصا وقت ہے اور یہی ایک وجہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ فیصلہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے آ جائے۔
ہارون لوگارٹ نے سلمان بٹ، عامر محمد اور محمد آصف کے خلاف اس کیس کی تفصیلات میں نہ جاتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کس طرح اس معاملے سے نپٹا گیا۔