25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
اعجاز بٹ نے بیان واپس لے لیا
بی بی سی اردو - پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین اعجاز بٹ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بارے اپنا متنازع بیان واپس لے لیا ہے۔
لندن میں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈوں کی طرف سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں بٹ نے اپنے متنازع ریمارکس واپس لیے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ’یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔‘
اعجاز بٹ لندن میں ہیں جہاں وہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے قانونی کارروائی کی دھمکی کے بعد اس معاملے کو سلجھانے آئے۔
اعجاز بٹ نے معافی تو نہیں مانگی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’یہ افسوسناک ہے کہ میرے بیان سے غلط فہمی پیدا ہوئی‘۔ بیان میں وہ کہتے ہیں کہ ’مجھے اس بات کا دلی افسوس ہے کہ میرے بیان کا ایسا مطلب نکالا گیا ہو جس سے ای سی بی اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی بدنامی ہوئی ہو۔‘
ای سی بی کے مطابق کھلاڑیوں اور بورڈ نے اعجاز بٹ کے بیان کا خیر پر جوش مقدم کیا ہے۔
اعجاز بٹ نے سترہ ستمبر کو اوول کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد کئی اخبارات میں پاکستانی اننگز پر چھپنے والے شک و شبہات پر اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ ’کچھ سٹے باز (بُکی) کہہ رہے ہیں کہ انگلینڈ کے کئ کھلاڑیوں نے میچ ہارنے کے لیے پیُے لیے ہیں۔‘
تاہم اب اعجاز بٹ نے وضاحت کی ہے کہ ان کے پاس ایسے کوئی ثبوت نہیں ہیں:’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے ای سی بی یا انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے کسی غلط کام میں ملوث ہونے کے کبھی کوئی ثبوت نہیں دیکھے۔‘