11 اپریل 2014
وقت اشاعت: 17:14
بگ تھری کی حمایت کردی، اگلے 8سال ہر رکن ملک سے کھیلیں گے، نجم سیٹھی
جیو نیوز - لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی میں بگ تھری منصوبے کی حمایت کر دی، اگلے آٹھ برسوں میں ہر رکن ٹیم سے سیریز کھیلیں گے، پاکستانی بورڈ کو 30ارب روپے کا فائدہ ہوگا، بھارت سے ہوم سیریز پر بھی خوش خبری دیں گے، اگلے سال آئی سی سی کا صدر پاکستان نامزد کرے گا۔پی سی بی کے چےئرمین نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 9جنوری کوبطور چیئرمین پی سی بی بگ تھری کامعاملہ میرے سامنے آیا، بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ ٹورز شیڈول کرلیے، 28فروری کو سنگاپور میں پتا چلا کہ بنگلادیش نے بگ تھری کی تجویز قبول کرلی،8فروری تک پاکستان اور سری لنکا بگ تھری کے خلاف تھے، 9ممالک ایک طرف کھڑے ہیں تو ہم اکیلے نہیں کھڑے ہوسکتے تھے۔ نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیئرمین کے ساتھ مشورہ کیا تھا تو فیصلہ ہوا تھا کہ قانونی پوزیشن بھی دیکھی جائے، انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے بگ تھری کی حمایت ضروری تھی، میں نے سوچا تھا کہ اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے معاملات کریں گے، تمام بورڈز کے ساتھ بیٹھ کر آئندہ 8سال تک ٹورز پروگرام بنائے ہیں، تمام بورڈز کے ساتھ آئندہ 8سال کے ٹورز پر تحریری معاہدے کیے ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی، پاکستان کے ساتھ کھیلنے کیلئے کئی ممالک نے اپنے کچھ ٹورز کینسل کیے، بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ ٹورز شیڈول کرلیے، بھارت سے سیریز طے ہوچکی ہے، ڈیل سائن کرنے کے نتیجے میں ہوم ٹورز سے 30ارب روپے ملیں گے۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ اگلے سال آئی سی سی کا صدر پاکستان نامزد کرے گا، ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس میری زیرِصدارت لاہور میں ہوگا، آئی سی سی سے بات چیت جاری ہے، عامر جلد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا، محمدعامر کی سزا سے متعلق فیصلہ جون کے اجلاس میں ہوگا، امید ہے محمدعامر کی سزا ایک سال کم ہوجائے گی، مشروط حمایت یہی ہے کہ ہماری تجویزقبول کریں گے تو ہم آپ کی تجویز قبول کریں گے، ہم نے واضح کر دیا کہ ہماری تجویز قبول کریں گے تو ہم بگ تھری کی حمایت کریں گے، بھارت پر واضح کر دیا کہ ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تو ہم بگ تھری کی حمایت کریں گے، آج سے لے کر آئندہ 8سال تک پاکستان حد سے زیادہ کرکٹ کھیلے گا، تمام بورڈز معاہدے میں لکھ رہے تھے کہ پاکستان کا ٹور نہیں کریں گے جو ہم نے انہیں نہیں کرنے دیا۔