17 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 11:35
کوشش ہے کہ ٹیم کو واپس ٹریک پرلے آئیں،مصباح الحق
جیو نیوز - لاہور......پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اور ون ڈے کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ ٹیم کو واپس ٹریک پرلے آئیں،کھیل میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں،ٹیم پرکوئی بڑا پریشرنہیں۔لاہور کے منٹوپارک گراؤنڈ میں کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم نے اچھی پرفارمنس بھی دی ہیں، سری لنکا کے خلاف سیریز میں پرفارمنس اچھی نہیں تھی،سری لنکا سیریز سے پہلے یہی ٹیم پرفارم کرتی آرہی تھی، ہم نے جنوبی افریقہ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پرشکست دی۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بڑے کھلاڑی نہ سہی لیکن بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے،ایسے بالرز ہیں کہ میچ جتواسکتے ہیں، ہمارے پاس عرفان، جنید اوروہاب ریاض ہیں، ہماری ٹیم نے بڑی بڑی ٹیموں کو سرپرائزدیے ہیں۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2015کی ٹرافی آج شام کراچی پہنچے گی، جہاں ٹرافی کی تقریب رونمائی آج ہی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ورلڈ کپ ٹرافی شام چھ بجے لاہور سے کراچی لائی جائے گی، ساڑھے سات بجے کراچی ڈولفنز کے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں اس کی رونمائی کی جائے گی۔ کل صبح ٹرافی کو کراچی کے ایک مقامی کالج اور پھر ایک اسکول لے جایا جائے گا جس کے بعد مزار قائد پر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹرافی کا فوٹو سیشن ہوگا۔ کل شام چار بجے ٹرافی ایک بار پھر نیشنل اسٹیڈیم میں رکھ دی جائے گی۔ رات گئے ٹرافی کو دوبارہ دبئی بھجوا دیا جائے گا۔