27 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 19:36
سوات میں 3 روزہ دوسرا سیڈار گالف ٹورنامنٹ شروع
جیو نیوز - سوات...... سوات میں 3 روزہ دوسرا سیڈار گالف ٹورنامنٹ شروع ہو گیا ہے جس میں ملک بھر کے گالفرز شریک ہیں۔ سوات کے سیڈار گالف کلب کبل میں 3روزہ گالف ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 35کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس میں 7 خواتین گالفر شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں میچور، ایمیچور اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے الگ الگ ایونٹس رکھے گئے ہیں جہاں 18ہول پر مشتمل گراؤنڈ میں کھلاڑی اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر انجنیئرامیر مقام نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔اس ٹورنامنٹ میں خواتین کھلاڑی بھی حصہ لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے، امن کا کریڈیٹ عوام اور پاک فوج کو جاتا ہے۔ خیبر پختونخواہ گالف ایسوسی ایشن کے صدر کرنل ریٹائر ڈ شہادت حسین کا کہنا ہے کہ گالف کو سوات میں بھی مقبول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔سوات سیڈار گالف کلب 1964 میں اس وقت کے ولی عہد عبدالحق جہانزیب نے بنایا تھا ، جہاں ریاست سوات کے وزراء گالف کھیلا کرتے تھے۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقامی کھلاڑی بھی شریک ہیں ۔ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 12لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔