30 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 15:21
پی سی بی کا محمد اکرم سے معاہدہ ختم کرنے پر غور شروع
جیو نیوز - لاہور ........ پی سی بی اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ پی سی بی نے سابق چیئرمین ذکاء اشرف کے دورے میں محمد اکرم کے ساتھ ہونےوالے دو سالہ معاہدے کا ازسر نو جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق فاسٹ بالر جن کے پی سی بی سے تعلقات مثالی نہیں رہے،بورڈ محمد اکرم کے ساتھ معاہدہ ختم کیلئے قانونی ماہرین سے مشورے کررہا ہےکیونکہ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ان کی کارکردگی اور معاہدے پر انگلیاں اٹھائی گئی تھیں۔ذکاء اشرف کے دور میں محمد اکرم کے ساتھ دو برس کا معاہدہ کیا گیا،جس کے تحت انہیں ڈالرز میں ادائیگی کی جاتی تھی، ان کا ماہانہ معاوضہ 7ہزار ڈالرز کے لگ بھگ بنتا ہےجبکہ ڈیلی الائونس کی ادائیگی بھی ڈالرز میں کی جاتی تھی جو کہ یومیہ 114 ڈالرزتھے۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں محمد اکرم پر خاصی بحث ہوئی اور ان سے ہوئے معاہدے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ مینجمنٹ اور سینئر کھلاڑیوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے میں بھی ان کا ہاتھ رہا ہے،کپتان مصباح الحق کا فٹنس کیمپ کے دوران غیر ضروری طور پر وزن کم کرایا گیا جس کا منفی اثر ان کی پرفارمنس پر پڑا۔