تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

آئی سی سی پابندی، آصف نے اپیل واپس لے لی

بی بی سی اردو - پاکستان کے تیز بولر محمد آصف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی طرف سے ان کے کھیلنے پر لگائی گئی عارضی پابندی کے خلاف کی جانے والی اپیل واپس لے لی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ کے دورے کے دوران محمد آصف، محمد عامر اور کپتان سلمان بٹ کے خلاف مبینہ سپاٹ فکسنگ کے الزامات کے بعد آئی سی سی نے ان کے کھیلنے پر عارضی پابندی لگا دی تھی۔

سلمان بٹ اور محمد عامر کی اپیلیں 30 اور 31 اکتوبر کو دبئی میں سنی جائیں گی۔

یہ تینوں کھلاڑی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دبئی اور ابوظہبی میں ہونے والی سیریز میں حصہ نہیں لے رہے۔

ویسے بھی محمد آصف پہلے ہی ان میں سے کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکتے تھے کیونکہ ان کے متحدہ امارات میں داخل ہونے پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ انہیں 2008 میں دبئی ائرپورٹ پر چرس رکھنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔

آئی سی سی کے تازہ ترین بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ محمد آصف کی اپیل واپس لے لی گئی ہے تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوران برطانوی اخبار ’نیوز آف دی ورلڈ‘ کی طرف سے لگائے گئے سپاٹ فکسنگ کے مبینہ الزامات کے بعد پابندی لگا دی گئی تھی اور تینوں سے برطانوی پولیس نے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔

الزامات میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بک میکر کی طرف سے دیے گئے پیسوں کے عوض دونوں تیز بولروں نے جان بوجھ کر پہلے سے طے شدہ اوورز میں نو بال کروائے۔ کپتان سلمان بٹ پر بھی سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.