25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
عمران خان آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل
اردو ٹائمز - قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا۔ عمران خان آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل جاوید میانداد ، وسیم اکرم اور حنیف محمد بھی آئی سی سی کی جانب سے ہال آف فیم میں شامل ہوچکے ہیں۔انیس سو بانوے ورلڈ کپ کی وننگ ٹیم کے کپتان عمران خان کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوران آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہارون لورگٹ نے ہال آف فیم کی کیپ پیش کی۔ اس موقع پر چئرمین پی سی بی اعجاز بٹ،کرکٹ آسٹریلیا کے چئیرمین جیک کلارک اور ایم سی سی کے صدر جان برکلے بھی موجود تھے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں بہت کچھ حاصل کیا جس میں انیس سو بانوے کا ورلڈ کپ بھی شامل ہے لیکن ہال آف فیم حاصل کرنا ان کے لئے بہت اعزاز کی بات ہے۔