25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
محمد یوسف کی ٹیم میں واپسی
اردو ٹائمز - پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کوچ اعجاز احمد نے محمد یوسف کی ٹیم میں واپسی کا اشارہ دے دیا۔ہیڈنگلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ شاہد آفریدی کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد محمد یوسف کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے تاہم مینجمنٹ نے اس حوالے سے فل الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد یوسف اور یونس خان میں سے کوئی ایک کھلاڑی ہی ٹیم میں واپس آئے گا، ہوسکتا ہے یوسف کو انگلینڈ طلب کرلیا جائے۔ اعجاز احمد نے کہا کہ سلمان بٹ وقت کے ساتھ میچور ہورہا ہے اور انہیں امید ہے کہ اوپننگ بیٹسمین ٹیم کی قیادت اچھی طرح سے انجام دے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے کھلاڑیوں کو ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اعجاز احمد نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پانے کے لئے کام کیا جارہا ہے اور انہیں توقع ہے کہ ہیڈنگلے میں کھلاڑی ان غلطیوں کو نہیں دھرائیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ اکیس جولائی سے ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔