تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

مرلی کی آٹھ سو وکٹیں

بی بی سی اردو - ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکا کے سپنر مرلی دھرنا نے انڈیا کے خلاف گال میں اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں آٹھ سو وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔

اڑتیس سالہ مرلی دھرن جنہوں نے انیس سو بانوے میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جب اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے میدان میں اترے تو ان کی سات سو بانوے وکٹیں تھیں۔

انہوں نے پہلی اننگز میں تریسٹھ رن دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے جن میں سچن ٹنڈولکر کی وکٹ بھی شامل تھی۔ انڈیا نے پہلی اننگز میں سری لنکا کے پانچ سو بیس کے جواب میں دو سو چھہتر رن بنائے۔

انڈیا نے فالو آن کے بعد دوبارہ بیٹنگ شروع کی تو اس کی ٹیم تین سو اڑتیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انڈیا کی دوسری اننگز میں لیستھ ملنگا نے پانچ اور مرلی دھرن نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

میچ میں وریندر سہواگ نے اپنی بیسویں ٹیسٹ سنچری بنائی لیکن مرلی دھرن نے سڑسٹھویں مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تھا بھارت کو سکور برابر کرنے کے لیے تریسٹھ رنز درکار تھے۔
مرلی دھرن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز سنہ 1992 میں کولمبو میں آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا اور اٹھارہ سالہ ٹیسٹ کیرئر میں انہوں نے ایک سو بتیس ٹیسٹ میچ کھیل کر موجودہ میچ سے قبل تک سات سو بانوے وکٹیں لی ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد پانچ سو پندرہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس مرلی دھرن نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’میں سینتیس برس کا ہو گیا ہوں اور اب ابتدائی دنوں کی طرح بولنگ نہیں کر سکتا۔ میں پندرہ، سولہ اوورز کے بعد تھک جاتا ہوں۔‘

مرلی دھرن نے کہا تھا کہ وہ سنہ 2011 کے ورلڈ کپ تک ایک روزہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے بعد ان کی مکمل توجہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر ہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.