25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
ریحان بٹ آل اسٹار ٹیم 2010کے بہترین کھلاڑی
اردو ٹائمز - ہاکی کی عالمی تنظیم ایف آئی ایچ نے سال دو ہزار دس کیلئے آل اسٹار ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کے ریحان بٹ بھی سال کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں ۔ ایف آئی ایچ نے سال دو ہزار میں فیلڈ ہاکی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم میں پاکستان سے ایک ہی کھلاڑی ریحان بٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ ریحان بٹ نے رواں سال ایشین گیمز میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ ریحان بٹ تین سو سے زائد انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ ریحان بٹ نے ایف آئی آل اسٹار الیون میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ان کیلئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ وہ اچھی پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو مزید کامیابیاں دلوائیں گے ۔ ریحان بٹ دو ہزار آٹھ میں بھی آل اسٹار ٹیم میں منتخب ہوئے تھے ۔