5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
چینی کمپنیوں نے ایران کویورینیم افزودگی کیلئے مواد فراہم کیا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . . . امریکا کے اعتراض پر چین کی حکومت نے اعتراف کیا تھا کہ بعض چینی کمپنیاں ایران کے یورینیم افزودگی کیلئے مواد فراہم کرنے میں ملوث ہیں ۔ بیجنگ میں چھ اگست دو ہزار آٹھ کو امریکی پولیٹیکل منسٹر قونصلرAubrey Carlson نے واشنگٹن کو مراسلے میں بتایا کہ انھوں نے چین کے آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ ڈپارٹمنٹ نیوکلیئر ڈویژن کے ڈائریکٹر ژانگ شین سے ملاقات کی ۔ امریکی پولیٹیکل منسٹر قونصلر کو ایران کو ایٹمی مواد فراہم کرنے کا معاملہ اٹھایا جس پر ژانگ شین کا کہنا تھا کہ چین کی تمام کمپنیاں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے دائرہ کار میں رہ کر ایران کیساتھ بزنس کررہی ہیں تاہم انھوں نے اعتراف کیا کہ بعض چینی کمپنیاں پابندیوں سے آگاہ نہیں ۔ ژانگ شین نے امریکی سفیر کو یقین دلایا کہ وہ متعلقہ وزارتوں سے یہ معاملہ اٹھائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ دونوں عہدیداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ایران کے متنازع جوہری پروگرام سے متعلق تمام معلومات کا ایک دوسرے سے تبادلہ کیا جائے گا ۔