5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، آگ بھڑ ک اٹھی ،32افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
جامشورو ... سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے 32افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہیں،ڈی پی او جامشورو کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا۔پولیس کے مطابق کراچی سے سکھر جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کھڑے آئل ٹینکر سے ٹکراگئی جس کے بعد مسافر بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی. مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زاید افراد سوار تھے جن میں سے بیس زخمی افراد بس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے جنہیں مقامی اسپتالوں میں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ۔ بس سے 32 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں ۔ جن کی شناخت مشکل ہے۔تمام لاشیں لیاقت یونیورسٹی اسپتال جامشورو منتقل کر دی گئی ہیں۔ڈی پی او جامشورو محمد فاروق نے بتایا کہ آگ اتنی زیادہ تھی کہ مسافروں کو نکالنے کا موقع نہیں ملا۔بدقسمت بس کے ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے،حادثے کے فوراّ بعد بس میں سوار نوجوان باہر نکلنے میں کامیاب ہوسکے تھے۔