5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کشمیر پر واضح پالیسی تک بھارت سے بات نہ کی جائے، سید منور حسن
جنگ نیوز -
پشاور…جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے مذاکرات نہ کئے جائیں ۔پشاور میں کرپشن، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے منورحسن نے کہا کہ آپریشن کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ مرض کی غلط تشخیص کی گئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن بند کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے جبکہ حکمران بھارت سے ہاتھ ملانے کے لئے بے تاب ہیں منور حسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کی سرپرستی کی گئی تو امت مسلمہ اٹھ کھڑی ہوگئی۔ قاضی حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی سفارت کار میک کرسٹل نے سابق افغان وزیر اعظم کے ذریعے طالبان اور حزب اسلامی سے مذاکرات کی دعوت دی تھی تاہم طالبان اور حزب اسلامی نے امریکہ کو افغانستان سے نکلنے اور کسی صورت بھی امریکی اڈے نہ بنانے کا جواب دیا ۔