5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
متحدہ نے پنجاب کوفوج کے حوالے کرنے کی تجویز دے دی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے پنجاب میں بڑھتے ہوئے سنگین جرائم کی وارداتوں پر سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، ایم کیوایم نیجرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب کو فوج کے حوالے کرنے کی تجویز پیش کی ۔پنجا ب میں گزشتہ سال کی نسبت جرائم کی وارداتوں میں109 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سے جاری اعلامیے میں مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں دہشت گردی،قتل و غارتگری اور اغوابرائے تاوان کی وارداتیں عروج پر ہیں اور شہریوں کی جان ومال عدم تحفظ کا شکار ہے ۔رابطہ کمیٹی نے لاقانونیت،خراب طرزحکومت اور جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب کو فوج کے حوالے کرنے کی کی تجویز پیش کی ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے جرائم پیشہ عناصر کو صوبائی حکومت کی مکمل آشیرباد حاصل ہے ۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پنجاب پولیس کی جانب سے طلبااور صحافی برادری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنائے جا نے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب جیسی لاقانونیت پاکستان کے کسی خطے میں نہیں۔