5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور دھماکا:الطاف حسین سمیت قومی رہنماؤں کی مذمت
جنگ نیوز -
کراچی…لاہور میں چہلم کے موقع پر جلوس کے راستے میں لوہاری گیٹ پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد کی شہادت اور 47کے زخمی ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت قومی رہنماؤں نے دلی افسوس اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس واردات کی شدید مذمت کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دہشتگردی کے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ ان رہنماؤں نے زخمیوں کی فوری صحت یابی کی دعا کی ہے اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکنہ بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور شہدا کے لواحقین کی ہر طرح سے مدد کی جائے۔ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد کی شہادت پر سخت صدمے اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے دہشتگردی کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے شہداء کے ورثاء سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ الله تعالیٰ شہدا کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔انھوں نے زخمیوں کی فوری صحتیابی کی بھی دعا کی۔