5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو متحدہوجاناچاہیے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گورنرپنجاب لطیف کھوسہ سے فون پر گفتگوکی اوران سے لاہورمیں شہدائے کربلاکے چہلم کے موقع پر ہونیوالے خود کش بم دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی معصوم شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیا۔الطاف حسین نے گورنر پنجاب سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ لاہورمیں ہونیوالایہ واقعہ ایک بڑاسانحہ ہے جس پر میں ہی نہیں پوری رابطہ کمیٹی اورتمام کارکنان اس واقعہ پردلی تعزیت کا اظہارکرتے ہیں اوراس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں اورشہریوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں انہوں نے گورنرپنجاب کے ذریعے صدرمملکت اوروزیراعظم سے بھی تعزیت کی۔ الطاف حسین نے گورنر پنجاب لطیف کھوسہ سے کہاکہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے آہنی ہاتھ سے نمٹنے کی ضرورت ہے ،اس سلسلے میں وفاقی حکومت بھی مدد لی جائے اوران انتہاپسنددہشت گردوں نے جہاں اپنے اڈے بنائے ہوئے ہیں وہاں ان کے خلاف گھیراتنگ کیاجائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ ان دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کوآہنی دیوارکی طرح متحدہوجاناچاہیے۔ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے الطاف حسین کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ لاہورمیں خودکش دھماکہ ایک افسوسناک سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ملک دشمن عناصراس طرح کی دہشت گردی کرکے لوگوں کوآپس میں لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔ملک کی سلامتی وبقاء کیلئے اس دہشت گردی کاقلع قمع کرنابڑاضروری ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ یہ ایک گھمبیرمسئلہ ہے اورکوئی ایک جماعت یاحکومت اس سے اکیلے نہیں نمٹ سکتی ،سب کومل جل کراس کاخاتمہ کرناہوگا۔دریں اثناء الطاف حسین نے معروف ٹی وی اداکار اور براڈ کاسٹر رضوان واسطی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ (آمین)