5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
برازیل نے ایران کیساتھ تجارت ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا،وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…امریکا نے زیادہ تر اپنے اتحادیوں سے ایران کیساتھ تجارتی روابط ختم کرنے پر زور دیا لیکن دو ہزار آٹھ کے مراسلے کے مطابق برازیل نے ایران کیساتھ تجارت بند کرنے سے واشنگٹن کو صاف انکار کردیا تھا ۔بیس جون دو ہزار آٹھ کو برازیل سے امریکی سفیر Clifford Sobel نے واشنگٹن کو مراسلہ بھیجا جس میں نو جون کو برازیلین وزارت خارجہ کے انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور ، Roberto Jaguaribe کیساتھ ملاقات کی تفصیل بتائی گئی ۔ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے برازیل کی پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے انڈر سیکریٹری رابرٹو نے واضح کیا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن معاہدہ خطے کا سب سے اہم ایشو ہے اور برازیل امن عمل میں پیش رفت کیلئے اپنا سرگرم کردار جاری رکھے گا ۔ ایران کے معاملے پر برازیلین عہدیدار نے واضح کیا کہ ان کا ملک ایران کیساتھ تسلسل کیساتھ رابطے جاری رکھنے کا حامی ہے ۔ رابرٹو نے یہ بھی کہا کہ برازیل ایران کی جانب سے قانونی طور پر ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی کوششوں کو سمجھتا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ برازیلین قیادت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کیلئے تہران کو زور دیتی رہے گی ۔ تجارتی تعلقات کے بارے میں برازیل کے انڈر سیکریٹری رابرٹو نے کہا کہ برازیل اور ایران تجارتی تعلقات غیرمعمولی نوعیت کے ہیں ۔ انھوں نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ برازیل ہر سال ایران کو تجارتی معاملات میں دو ارب ڈالر کی فروخت کرتا ہے ۔ رابرٹو نے بتایا کہ حال ہی میں ایرانی قیادت سے کھلے دل کیساتھ مذاکرات ہوئے ہیں جس میں انھوں نے تہران پر زور دیا کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کو یقینی بنائے ۔