5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
6 پارلیمنٹیرین کے ذمہ واجب الادارقم کامعاملہ پی اے سی کوبھجوانے کاحکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی عمل درآمد کمیٹی نے وفاقی وزیرسید خورشید شاہ سمیت چھہ ارکان پارلیمنٹ کے ذمہ مکہ ہاؤس پاکستان میں قیام کے دوران واجب الادا ایک لاکھ بیاسی ہزار ریال کی رقم جمع نہ کرانے کامعاملہ دوبارہ پی اے سی کوبھجوانے کاحکم دیاہے۔رکن قومی اسمبلی یاسمین رحمان کی صدارت میں، اسلام آبادمیں ہونیوالے اجلاس کوآڈٹ حکام نے بتایا کہ سال انیس سو چھیانوے سے انیس سو ننانوے کے دوران مکہ ہاؤس پاکستان میں قیام کے بعد سید خورشید شاہ نے ایک لاکھ پچپن ہزار ریال، ملک فرید اللہ نے چونسٹھ سو ریال، رانا نذیر احمد نے چھیاسٹھ سو، بشیر ورک بتیس سو، مولانا عطاالرحمن نے چھیاسٹھ سو، اور فدا محمد خان نے اٹھاسی سو ریال ادا نہیں کئے تھے۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ارکان پارلیمنٹ کاکہناہے کہ انہوں نے رقم خورشیدشاہ کے ذاتی سیکرٹری کوجمع کرادی تھی تاہم اب اس کی وفات ہوچکی ہے۔ کمیٹی نے ارکان پارلیمنٹ کورقم کی ادائیگی کاریکارڈپیش کرنے کاحکم دیاہے۔