5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ کابینہ کو بھی چھوٹا کرنے کافیصلہ،19تا22ارکان پر مشتمل ہوگی
جنگ نیوز -
کراچی...وفاقی کابینہ کی طرح سندھ کی صوبائی کابینہ کو تحلیل کرکے چھوٹے سائز کی کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ،نئی متوقع کابینہ19سے22ارکان پر مشتمل ہوگی ،کئی وزارتیں ایک دوسرے میں ضم کردی جائیں گی جبکہ بعض وزرا کو فارغ کردیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق12مشیروں کی بر طرفی کے بعدبھی سندھ کابینہ میں اس وقت44وزیر جبکہ6مشیر ہیں ۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کی تحلیل یا رائٹ سائزنگ کے بعد نئی کابینہ ایوان کے کل اراکین کا11فیصد تک رکھے جانے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق نئی صوبائی کابینہ میں وزیر اور مشیر دونوں شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق کابینہ کی تحلیل کے بعد بعض محکمے ایک دوسرے میں ضم کردئیے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق نئی صوبائی کابینہ میں پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر پیر مظہر الحق، وزیر داخلہ ڈاکٹر ذو الفقار مرزا، وزیر بلدیات آغا سراج الحق درانی، وزیر قانون ایاز سومرو، وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، وزیر کچی آبادی رفیق انجینئر، وزیر زراعت سید علی نواز شاہ، وزیر ورکس اینڈ سروسز منظور وسان، وزیر آبپاشی جام سیف اللہ دھاریجو، وزیر توانائی شازیہ مری، وزیر ثقافت سسی پلیجو ،مظفر شجرا جبکہ مشیروں میں راشد ربانی، ڈاکٹر قیصر بنگالی اور زبیر موتی والا کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نئی صوبائی کابینہ میں ایم کیو ایم کے وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی رضاہارون، وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، سردار احمد، وزیر صنعت و تجارت رؤف صدیقی، وزیر امور نوجوانان فیصل سبزواری اور مشیر خواجہ اظہار الحسن شامل کیے جانے کی توقع ہے ۔نئی صوبائی کابینہ میں اے این پی کے امیر نواب جبکہ فنکشنل لیگ اور نیشنل پیپلز پارٹی سے بھی ایک ایک رکن شامل کیے جانے امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔