تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پی آئی اے ملازمین کااحتجاج جاری، کراچی آنے والی 3 پروازیں منسوخ

جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے دیگرشہروں کی طرح کراچی میں بھی پی آئی اے ملازمین کااحتجاج جاری ہے ۔ رات میں بیرون ملک سے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ آنے والی تین پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ سچوئشن روم میں بھی کام تین گھنٹے تک بند رہا ۔ اے ایس ایف اہلکاروں کے لاٹھی چارج سے کئی ملازمین اور 3 صحافی بھی زخمی ہوگئے ۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پی آئی اے ملازمین کا دھرنا رات سے جاری ہے۔ بعض ملازمین کے اہل خانہ بھی دھرنے میں شریک ہوئے ۔ احتجاج کے سبب بیرون ملک سے آنے والی تین پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں ۔ ان میں ابو ظہبی سے آنے والی پرواز پی کے 238 دوبئی سے آنے والی پرواز پی کے 214 اور دمام سے آنے والی پرواز پی کے 242 شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملازمین نے پی آئی آے سچوئشن روم میں بھی تین گھنٹے تک کام بند رکھا ۔ سچوئشن روم سے دنیا بھر میں پی آئی اے کے آپریشنز کی نگرانی اور منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ دوسری جانب نیویارک سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 722 کے عملے نے جہاز سے مسافروں کا سامان اتارنے سے انکار کردیا اور مسافر سامان کے انتظار میں پریشان بیٹھے رہے ۔ اس سے پہلے فلائٹ 306 کا عملہ ڈیوٹی پر جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچا تو اے ایس ایف کے اہلکاروں نے عملے کو روک دیا ۔ اس موقع پر اے ایس ایف اہلکاروں اور احتجاج کرنے والے ملازمین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ۔ اے ایس ایف اہلکاروں نے لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے نتیجے میں ایک سینئر پائلٹ ، خواتین فضائی میزبان اور کچھ مسافر بھی زخمی ہوگئے ۔ میڈیا کے نمائندے بھی لاٹھی چارج کا نشانہ بنے اور ان کے کیمرے بھی توڑ دیئے گئے ۔ تین صحافیوں کو بے ہوشی کے عالم میں اسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقعے کے خلاف صحافیوں نے اے ایس ایف کنٹرول روم کے سامنے دھرنا دیا ۔ بعد میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے صحافیوں سے معذرت کی اور کہا کہ زخمی صحافیوں کے علاج کا خرچہ سول ایوی ایشن برادشت کرے گی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.