5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں بارش ، پہاڑوں پر برف باری
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اورپہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔چترال میں دو روز میں ڈھائی سے تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔اسکردو،ضلع غذر،استور،ہنزہ نگراورگردونواح میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے جس سے نظام زندگی مفلوج اوربالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ چترال شہراورمضافات میں دو روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ڈھائی سے تین فٹ برف پڑ چکی ہے جس کے سبب بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔گلیات کے مختلف علاقوں میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث ایبٹ آباد مری روڈ اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جبکہ ایبٹ آباد اور میرپور آزاد کشمیرمیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔شمالی بلوچستان کے علاقے کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے جس سے افغانستان میں نیٹو سپلائی دوسرے روز بھی معطل ہے اور سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں ۔توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ اوتھل ،بیلہ شہر اور قریبی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔کرم ایجنسی پاراچنار ، ملحقہ علاقوں اور کوہ سفید پربھی برف باری کے بعدسے تمام سڑکیں بند ہیں ۔باجوڑ ایجنسی میں بارشوں اور پہاڑوں پر بر ف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ مردان،کرک اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ۔سرگودھا،رحیم یارخان ،بہاولپور،اوچ شریف ،احمد پور شرقیہ، جھنگ، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے ۔لاڑکانہ،دادو، ہنگورجہ میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ نواب شاہ، سکھر ، جیکب آباد ،شکار پور،نوشہروفیروزمیں ہلکی بارش ہوئی ۔