5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بینظیر قتل کیس میں مشرف پر الزامات عائد کرنا مضحکہ خیز ہیں،فواد چودھری
جنگ نیوز -
لندن…سابق صدر پرویز مشرف کے ترجمان فودا چودھری نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے نے پرویز مشرف کی ٹیم کے کسی رکن سے رابطہ نہیں کیا ہے ،صرف میڈیا میں بیانات دیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر عائد الزامات مضحکہ خیر ہیں۔لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویزمشرف کے ترجمان فواد چودھری نے کہاکہ پرویز مشرف نے کئی مرتبہ بے نظیر بھٹو کو ان کی زندگی کودرپیش خطرات سے آگاہ کیا تھا ،تاہم نے بے نظیر بھٹو نے ان خطرات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی سیکیورٹی پر سمجھوتہ کیا۔انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو نے کراچی سے خیبرپختوانخوا اور لیاقت باغ تک سیکیورٹی کی جانب سے دی جانے والی ہدایت پر عمل نہیں کیا اور خود اپنے فیصلے کیے،اب بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف پر عائد الزامات عائد کرنا مضحکہ خیزہے۔فواد چودھری نے کہاکہ کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے نے پرویز مشرف کی ٹیم کے کسی رکن سے رابطہ نہیں کیا ہے صرف میڈیا میں بیانات دیے جارہے ہیں۔فواد چودھری نے اعلان کیا کہ پرویز مشرف کے خلاف الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مظاہرے شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف اس سال لاہور جانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف پاکستان میں سوالوں کے جواب دینے نہیں بلکہ سیاست میں حصہ لینے اور ملک کی خدمت کے لئے پاکستان جائیں گے۔