5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریکوڈک کیس: حکومت اپنے معاہدے سے پھر رہی ہے، حفیظ پیرزادہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد… بلوچستان میں رکوڈک منصوبے کا معاہدہ کرنیوالی کمپنی کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے سپریم کورٹ میں دلائل دیئے ہیں کہ ڈاکٹرثمرمبارک مندنے اپنے شعبے سے ہٹ کر اس منصوبے پر عدالت میں رائے دی جبکہ حکومت بلوچستان اب اپنے معاہدے سے پھر رہی ہے ۔چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے رکوڈک کیس کی سماعت کی ، منصوبے کا معاہدہ کرنیوالی کمپنی بی ایچ پی کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے دلائل میں کہا کہ حکومت بلوچستان نے ہائی کورٹ میں رکوڈک کے مشترکہ منصوبے کو درست تسلیم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ثمرمبارک کا تعلق متعلقہ شعبے سے نہیں ۔ جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے ریمارکس میں کہا کہ مشترکہ منصوبے کے وقت بی ایچ پی کو احساس تھا کہ معاہدہ ملکی قوانین کے مطابق نہیں ہوا اسی لئے قواعد میں نرمی کی گئی۔ اس پر حفیظ پیرزادہ نے کہا کہ ایسی بات نہیں ، معاہدے پر حکومت بلوچستان کے اطمینان کے مطابق عمل ہوا۔معاہدے میں کوئی دھوکا ہوا نہ ہی بے ایمانی کی گئی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کھلے ذہن کے ساتھ مقدمے کی سماعت کی جارہی ہے ، انہوں نے حفیظ پیرزادہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بہت سے سوالات کے جوابات دینے ہیں ، بعد میں سماعت 22فروری تک ملتوی کردی گئی ۔