تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش وجذبے کیساتھ منایا جارہا ہے

جنگ نیوز -
کراچی. . . ... .. . ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں ۔کراچی میں جشن عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پرجہاں پورا شہر رنگ و نور میں ڈوباہوا ہے۔ عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے میلادکی محفلیں منعقد کی جارہی ہیں تو دوسری جانب تسکین قلب کے لیے آب زم زم کی سبیل لگا کرشمع رسالت کے پروانوں کے جوش وخروش کو مزید بڑھا دیا ہے۔ کراچی میں نمائش چورنگی جشن عیدمیلادالنبی ﷺکے موقع پر پرکیف منظر پیش کر رہی ہے۔ وہیں ایک جانب عاشقان رسول کی محبت میں آب زم زم کا سبیل کیمپ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ولادت مصطفی کی مناسبت سے لگائی جانے والی سبیل کے کیمپ پرعوام کی بڑی تعداد آب زم زم پینے اور موئے مبارک کی زیارت کرنے آرہے ہیں۔ پشاور میں جشن عید میلاد النبی ﷺشایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں سے میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ عالمی متحدہ مشائخ کونسل کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں سیرت کانفرس اور اہل سنت والجماعت کے زیر اہتمام خاتم المعصومین کانفرنس بھی منعقد کی جا رہی ہے ۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر شہر کے بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے ۔ پشاور میں عید میلاد النبیﷺ مرکزی جلوس میلاد چوک سے بعد از نماز عشا برآمد ہوگا جو ہشت نگری،کریم پورہ، گھنٹہ گھر ، چوک یادگار ، بازار مسگراں سے ہوتا ہوا قصہ خوانی بازار میں اختتام پزیر ہوگا ۔ عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر پشاور میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں ۔حیدرآباد میں سرکاری و نجی عمارتوں ، گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ محافل نعت، سیرت کانفرنس اور درود و سلام کی محفلیں بھی جاری ہیں۔ میرپورخاص میں سیرت کانفرنس منعقد کی گئی۔ضلع لاڑکانہ میں سب سے بڑادو روزہ اجتماع درگاہ مشوری شریف میں شروع ہوگیا ہے۔بلوچستان کے اضلاع نصیرآباد ، جعفرآباد، سبی ،بولان اورجھل مگسی سمیت مختلف علاقوں میں بھی عید میلادالنبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔فیصل آباد میں اس موقع پر ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت سے انیس منزلہ کیک کاٹا گیا۔ اس کیک کاوزن 70 من تھا۔ شہر کی مساجد اور گلی محلوں میں محافل نعت کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں1200 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ شہر میں مرکزی ریلی سنی تحریک کی جانب سے نکالی گئی۔گوجرانوالہ، جھنگ، خانیوال، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی جشن عید میلادالنبی ﷺصلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں تقریبات منعقد کی گئیں۔دیگر صوبوں کی طرح صوبہ خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں آج یوم ولادت حضرت محمد مصطفٰیﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالے جائیں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.