5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومتی صفیں باہر سے شفاف، مضبوط، اندرسے مریض ہیں، شاہ محمود
جنگ نیوز -
ملتان…سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی صفوں میں دیکھ کرآیا ہوں باہر سے شفاف، خوبصورت اور مضبوط ہیں لیکن اندر سے مریض ہو چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے سابق صوبائی وزیر معین الدین قریشی کی رہائش گاہ پر جلسے سے خطاب کے دوران کہی ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے عملی سیاست میں28 سال ہوگئے ہیں اس سفر میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے لیکن یہی کوشش رہی کہ امانت اور دیانت کی سیاست کی جائے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم اپنی صفیں درست کرسکتے ہیں اور خدا کرے ہم ایسے راستے کا انتخاب کریں جو ملک کے لیے بہترہو انہوں نے کہا کہ تنقید سے گھبراتا نہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے میں نے کوشش کی ہے کہ اپنا دامن صاف رکھوں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں قرض معاف کرانے والوں کا مقدمہ زیر سماعت ہے لیکن کسی فہرست میں میرا نام شامل نہیں سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج قوم نے نئی کروٹ لی ہے اس میں اتفاق رائے بھی قائم ہے ہمیں اپنی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جس سے پاکستان ترقی کر سکتا ہے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم60 سال تجربے کرتے رہے اور آدھا ملک گنوا دیا ہے آج قوم کے سامنے بے پناہ چیلنجز ہیں دس ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے زد میں آئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بی اے پاس قیادت کی نہیں دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے قیادت دیانت دار ہوگئی تو ملک میں سرمایہ کاری ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی صفوں میں دیکھ کرآیا ہوں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے احترام کا رشتہ ہے جو انہوں نے بھی نبھایا اورمیرا ضمیر بھی مطمئن ہے ان کا کہنا تھا کہ لوگ کرسی پاکر خوش ہوتے ہیں میں کرسی ٹھکراکربھی خوش ہوں اور آج سوچ تبدیل ہورہی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرائیکی علاقے کو اس کا حق دلانا ہے قیادت آسمان سے نہیں زمین سے ابھرتی ہے، لوگ اقتدار چھوڑ کر امریکہ ، لندن جاتے ہیں لیکن میں ملتان اپنے شہر آیا ہوں اور اس کو میں کیسے چھوڑ سکتا ہوں جہاں میں32 پیڑیاں دفن ہوں ۔