5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان میں پانی سر سے گزرتا جارہا ہے، چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال کیخلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پانی سر سے گزر رہا ہے، امن و امان ختم ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے۔ عدالت نے معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کا حکم دیتے ہوئے منگل تک ان کا جواب بھی مانگ لیا ہے۔ صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور امن و امان کی خراب حالات کیخلاف بلوچستان ہائی کورٹ بار کی درخواست پرسپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ آئی ایس آئی کے ایک ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حالات سے متعلق ان کے ادارے کی رپورٹ جیسے ہی آئی ، عدالت میں پیش کردی جائے گی۔ عدالت نے چیف سیکریٹری، آئی جی ایف سی، ڈی جی لیویز، ڈی جی ایم آئی کا جواب نہ ملنے پر انہیں پھر نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بلوچستان ، وفاق کی اہم اکائی ہے اور وہاں مکمل بریک ڈاؤن ہوگیا ہے، بہت سے باتیں یہاں نہیں کہی جاسکتی۔ مقدمہ کی مزیدسماعت دومارچ کوکی جائے گی۔