تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

عالمی برادری مسئلہ کشمیر میں دلچسپی لے رہی ہے ،میر واعظ عمر فاروق

جنگ نیوز -
ڈیلس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر پر پیش رفت ضرور ہوئی تھی تاہم اس مسئلے کے حل پر پاک وبھارت کسی نتیجہ پر نہیں پہنچے تھے یہ بات انہوں نے امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں خصوصی انٹرویو میں کہی انہوں نے کہاکہ جب ہم پرویز مشرف سے ملے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ ہم عبوری حل کی طرف جانا چاہتے ہیں کیونکہ جو حالات ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہیں اس سے ہم یہ نہیں سمجھتے کہ ہم مستقل حل ڈھونڈ پائیں گے لہٰذا چار نکات پراتفاق ہوا تھا جس میں کشمیر سے فوجوں کا انخلا، سیلف گورننس، اوپن بارڈرز اور جوائنٹ میکنزم کا حصول تھا، میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت جو تعطل قائم ہے وہ ٹوٹ نہیں رہا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس عمل کو شروع ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے سابق وزیر شاہ محمود قریشی نے یہ بات برملا کہی تھی کہ بھارت ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا اور انہوں نے ایجنڈے میں کشمیر کو سرفہرست رکھا تھا انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ڈائیلاگ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2010ء میں تقریباً 140 کشمیریوں کو شہید کیاگیا ان میں ا کثریت طالب علموں اور نوجوانوں کی تھی انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی اخبارات میں جو رپورٹ شائع ہورہی ہیں وہ سب یہ کہتی ہیں کہ ہماری جدوجہد پرامن ہے اور یہ جدوجہد ایک پرامن اسٹیج سے گزر رہی ہے۔حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے انہوں نے کہاکہ امریکی حکام سے واشنگٹن اور نیویارک میں ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ دنیا کے دیگر لیڈروں سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور اس کے بعد ہم یورپی یونین جارہے ہیں جنیوا میں ہمارا سیمینار ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ عالمی برادری کی مسئلہ کشمیر میں دلچسپی ہے کیونکہ جو حالات پچھلے دو ماہ سے پیدا ہوئے ہیں اس میں کشمیر کو اہم مرکز بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سوال ہم سے بہت سے لوگ کرتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ آپ پاکستان کے خلاف بات کیوں نہیں کرتے اس نے بھی کشمیر کے ایک حصے پر قبضہ کیا ہوا ہے اس پر ہم کہتے ہیں کہ پاکستان نے ہمیشہ سے کشمیر کاز کو سپورٹ کیا ہے اور وہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کو یہ موقع دینگے کہ وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں جبکہ انڈیا ہم پر طاقت کے بل بوتے پر اپنا فیصلہ مسلط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حریت کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ عوام پر چھوڑا جائے اور جب ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں تو اس کشمیر کی بات کرتے ہیں جو کہ 15 اگست 1947ء کو معرض وجود میں تھا جس میں جموں کشمیر آزادکشمیر اور ناردرن ایریا شامل ہیں جوکہ 84 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے اور یہ کشمیر ریاست ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ یہاں کے عوام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی اپنی سپورٹ جاری رکھیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام بھی آزادی کی فضا میں سانس لیں گے اس موقع پر کشمیری رہنما راجہ مظفر، مسلم ڈیموکریٹک کاکس ٹیکساس کے صدر سید فیاض حسن اور پاکستان کونسل کے صدر اے کے خان بھی موجود تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.