تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

کراچی میں فائرنگ، پولیس اہلکاروں سمیت6افراد ہلاک

جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے سے صبح سویرے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ۔ رات گئے بھی گلستان جوہربختارو گوٹھ میں نامعلوم ملزموں نے تھانہ گلستان جوہر کے کانسٹیبل مظفر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ مقتول کانسٹیبل ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہا تھا ۔ پولیس نے ان واقعات کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ کورنگی کے علاقے نورانی بستی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔رات گئے کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ سے بھی ایک نوجوان کی لاش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ۔اس سے پہلے گلشن اقبال کے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع قائد اعظم کالونی میں دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ملزموں نے ان پر بھی فائرنگ کی جس سے ہیڈ محرر ظاہر شاہ اور کانسٹیبل مقصود شدید زخمی ہوگئے ۔ انہیں قریبی نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا ۔ واقعے کے بعد رات گئے مبینہ ٹاؤن پولیس نے قائد اعظم کالونی میں سرچ آپریشن کیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.