5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
آئین کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے،بابر اعوان
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آئین کو سبوتاژ کرنے کی کسی کوشش اورسازش کا حصہ نہیں بنے گی،مفاہمتی سیاست کو ڈی ریل کرنے اورجمہوریت الٹاؤ مہم کامیاب نہیں ہونے دینگے اورہماری طرف سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوں گے۔یہ بات انہوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام” میٹ دی پریس“ سے خطاب میں کہی ، انہوں نے لاہور پریس کلب کے لیے20 لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔بابر اعوان کاکہناتھا کہ سیاسی جماعتوں میں نقب لگانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ،آئین کی اٹھارھویں اور انیسویں ترمیم کی سیاہی ابھی خشک نہیں ہوئی تھی کہ ن لیگ نے چھانگا مانگا سیاست شروع کردی ہے،لوٹا کریسی ہمیشہ آمروں کی کابینہ میں رہی ہے،قانون کے تحت لوٹوں کو ہائی جیک نہیں کیا جاسکتا ۔ان کاکہناتھا کہ پہلے ن لیگ کی قیادت مشرف کیخلاف مشترکا جدوجہد کے دوران کارکنوں کو چھوڑ کر باہر چلی گئی اوراب لوٹوں کو پارٹی میں واپس لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کے اخراجات اور وی وی آئی پی فلائٹس پر تین سالوں میں190 ارب روپے اڑائے گئے۔ان کا کہناتھا کہ ہمگھنٹوں کی سیاست نہیں کرتے،لوگ منٹوں پرآگئے ہیں، لو گ بتایا کہ پینتالیس منٹ میں مسائل حل کرنے والوں نے دو دن میں کیا کیا،پنجاب میں گڈ گورننس کی مثال ہے کہ ملازمین932اوران پر افسران115ہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ میں اتفاق کرتاہوں سب کچھ ٹھیک نہیں ہوا لیکن سب کچھ ٹھیک کیاجاسکتاہے اورنظام کی کامیابی کے لیے سیاست کارکاہاتھ ہی کام آسکتاہے۔