5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئٹہ میں شدید بارش اور ژالہ باری جاری
جنگ نیوز -
کوئٹہ…وادی کوئٹہ میں دو روز سے جاری مسلسل شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، صوبے کے دیگر علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ کوئٹہ میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ۔ کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ دو روز سے جاری تھا کہ آج صبح اس میں شدت آگئی۔ تیز بارش اور ژالہ باری نے شہر بھر میں برف کی سفید چادر بچھا دی۔ اسی دوران تیز بارش اور پہاڑوں سے آنے والا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، اس دوران پیر ابوالخیر روڈ پر جامع مسجد کی برآمد ے کی چھت کے علاوہ بھی کئی علاقوں سے دیواریں اور چھتیں گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی کی وجہ سے بارش عوام کے لیے زحمت بن گئی۔ وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ افراد کو فوری امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ ادھرشدید بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔