5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کشمیری رہنماء غلام نبی فائی کی نائن زیرو آمد،ارکان رابطہ کمیٹی سے ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی …کشمیری امریکن قونصل واشنگٹن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے خورشید بیگم میموریل ہال عزیز آباد کا دورہ کیا اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور خالد یونس ، شاہد لطیف اور گلفراز خان خٹک سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حق پرست رکن سلیم بٹ ، ایم کیوایم صوبائی تنظیمی کمیٹی اور کشمیر کمیٹی کراچی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ڈاکٹر غلام نبی فائی نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کی تمام مظلوم قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے اور انہیں باوقار مقام دلانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے گزشتہ دنوں اپنے خطاب میں بھی کشمیری عوام کے حق میں بات کی اور کہا کہ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے جس نے کشمیری عوام کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے مظلوم کشمیریوں سمیت تمام قومیتوں کے بنیادی حقوق کی عملی جدوجہد کو سرہا اور اسے بڑا کام قرا ردیا ۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے ڈاکٹر غلام نبی فائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کشمیر کا باوقار حل چاہتی ہے اور اس کیلئے بہترین راستہ کشمیر ی عوام کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمانی میں ہی ہے ۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیاجائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام کی رائے کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔