5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، بابراعوان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیرقانون بابراعوان نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بد ترین حالات اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بابراعوان نے کہا کہ تین ماہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے مگر پاکستان میں اضافہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ ڈیلرز کی جانب سے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے ، حکومت نے اس حوالے سے چئیرمین اوگرا کو کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں ، بابراعوان نے کہا کہ پاکستان کے مخصوص علاقوں میں ایرانی تیل کی فروخت کا غیر قانونی کاروبار ہورہا ہے اور یہ وہ علاقے ہیں جو پولیس کے کنٹرول سے باہر ہیں۔ بابراعوان نے بتایا کہ جولائی 2010 سے اب تک 191 پیٹرول پمپس ملاوٹ میں ملوث پائے گئے جن میں سے 189 پی ایس او جب کہ دو اٹک آئل ریفائنری کے تھے، بابراعوان نے ایوان کو بتایا کہ ملاوٹ کی شکایات پر 191 پیٹرول پمس کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔