5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان کی صورتحال خراب کرنے میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں،وزیراعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال خراب کرنے میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں۔ٹارگٹ کلنگ اور دیگر واقعات بی ایل اے کے لوگ کرا رہے ہیں ۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس وقت ہربیار مری اور براہمداغ بگٹی یورپ میں پناہ حاصل کرچکے ہیں۔بلوچستان میں اللہ نذر نامی لیڈر کے بارے پتا چلا ہے کہ وہ بلوچستان میں انتہا پسندی کی راہ ہموار کررہا ہے اور شرپسندوں کی حمایت کے ساتھ بلوچ نوجوانوں کو تربیت کے لیے افغانستان بھجوارہا ہے۔۔یہی گروپ بلوچستان میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان کی صورتحال خراب کررہا ہے۔۔وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں بلوچستان کی موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھارہی ہیں۔۔بعض بلوچ قبیلوں کی باہمی لڑائی سے بھی صوبے کے حالات خراب ہورہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ اہم ہے، اس حوالے سے قائم جوڈیشل کمیشن نے 67 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا ہے ۔وزیراعظم نے کہا بلوچستان کو گیس پر جی ایس ٹی کی مد میں اگلے بارہ سال میں 120 ارب روپے ادا کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اغوا ہونے ججز کی بازیابی کے لیے وزیرداخلہ کو ہدایات دے دی ہیں۔قومی اسمبلی میں بلوچستان کی صورت حال پر وزیراعظم کی سرکاری بیان پر مشتمل تقریر کے بعد بلوچستان سے رکن اسمبلی عبدالقادر بلوچ نے موقف اختیار کیاکہ بلوچستان کے حالات بہت خراب ہیں اور وزیراعظم کی تقریر حقائق کے برعکس ہے جس پر رضا ربانی نے کہاکہ بلوچ صاحب کو یہ بات کہتے ہوئے سوچنا چاہیئے کہ ڈکٹیٹر کے سابقہ دور میں بلوچستان آپریشن کے وقت انہوں نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ کیوں نہیں دیا،اس موقع پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ قواعد کے تحت وزیراعظم کے کسی ایشو پر پالیسی بیان کے بعد بیان بازی درست نہیں ۔قومی اسمبلی کا اجلاس اب کل صبح دس بجے ہوگا۔