5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حج اسکینڈل :ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کو3 دن میں برطرف کرنے کاحکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے حج اسکینڈل کیس کی سماعت میں ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کو تین دن میں برطرف کرنے کی ہدایت کردی ہے ، چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ حکومت نے عدالت کے ہرکام میں رکاوٹ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چھ رکنی اسپیشل بنچ نے حج اسکینڈل کیس کی سماعت کی ، بنچ کے رکن جسٹس راجا فیاض نے ایف آئی اے تحقیقات کی روزانہ پروگریس رپورٹ سے متعلق جائزہ نوٹ پیش کیا ، اس کے مطابق ملزموں کو تحفظ دینے کیلئے دانستہ تاخیر کی جارہی ہے اور موجودہ ڈی جی ، ایف آئی اے کے ہوتے ہوئے کیس کی شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کرپشن کیسز کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر ایم این اے عمران شاہ نے قادر گیلانی کے خلاف غلط بیانی کی ہے تو ایف آئی اے ان کیخلاف کارروائی کرے ۔ انہوں نے مقدمہ کے فریق سابق وزیر اعظم سواتی پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ بازی نہیں چلے گی، ثبوت ہیں تو عدالت کو دیئے جائیں۔ جسٹس آصف کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے طور آزاد تحقیقات کار کا تعین کردے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کے کچھ تحفظات کو خفیہ خط میں چیف جسٹس تک پہنچا دیا ہے ، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے کو تفتیش کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔