5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھیوں کو ترقی سے محروم رکھا گیا،نوازشریف
جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کا خاتمہ کرنے کیلئے پہلے بھی عوام نے ان کا ساتھ دیا، آئندہ بھی مل کر مسائل حل کرینگے۔لاہور میں مسلم لیگ ن سندھ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ سندھیوں کو ترقی سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اقتدار میں آکر مسلم لیگ ن اہل سندھ کی محرومیوں کا ازالہ کریگی۔ سندھ کو علم کا گہوارہ بنانے کیلئے پورے صوبے میں تعلیم اداروں کا جال بچھائیں گے اور تعلیمی معیار بلند کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہاریوں میں زمینیں تقسیم کیں، آئندہ بھی انہیں ترقی کے ہر عمل میں شریک کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں معاشی ترقی کیلئے انڈسٹریل زون قائم کرنے کے ساتھ ساتھ موٹرویز اور شاہراہوں کا جال بچھایا جائیگا۔