5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں وقفے وقفے سے بارش و برف باری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری جاری ہے،جس کے بعد متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔سرد علاقوں میں آج سے موسم سرما کی ڈھائی ماہ کی تعطیل کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں ۔گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اسکردو،دیامر،استور،ہنزہ نگر میں بارش اور برفباری جاری ہے، جس کے بعد نشیبی و بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ چترال شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے جس کے بعد لواری ٹنل کو آمد و رفت کیلئے بندکردیاگیا ہے۔ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں بارش اور برف باری جاری ہے۔ مظفرآباد سمیت تمام بالائی علاقوں میں وقفے وقفے کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔وادی لیپہ اور نیلم میں لینڈسلائڈنگ کے باعث ایک ماہ سے راستے بند ہیں ۔شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین ،زیارت اور کان مہترزئی سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔ طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس کی بندش کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔کرم ایجنسی کے پہاڑی علاقے کوہ سفید میں برف باری جاری ہے،پاراچنار سمیت ایجنسی بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ادھر ڈھائی ماہ کی موسم سرما کی تعطیل کے بعد اسکول کھل گئے ہیں تاہم شدید سردی کی وجہ سے طلبا کی اکثریت غیر حاضررہی ۔