5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی:تاجروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی کے تاجروں وصنعتکاروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، ایف پی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ جمعرات کو وزیر اعظم سے ہونیوالی ملاقات میں اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جائیگا۔ وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان کے صدر سینیٹر غلام علی اور نائب صدر خالد تواب نے جیونیوز کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے اور وزیر اعظم کے سامنے تین مارچ کو ہونیوالی ملاقات میں اس مسئلے کو اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں معیشت کی بحالی کیلئے تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔ کراچی چیمبر کے صدر سعید شفیق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف تجارتی انجمنوں کے ساتھ ملکر جلد احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالوہاب لاکھانی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی شعبے کی گرواٹ مزید بڑھے گی۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین جوہر علی قندھاری نے کہا کہ اس فیصلے سے برآمدی ہدف متاثر ہوگا۔