5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی کے گرفتارٹارگٹ کلرزکااحتساب ہوناچاہئے،نوازشریف
جنگ نیوز -
لاہور...مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی ٹارگٹ کلنگ کے جو ملزم پکڑے گئے ان کا احتساب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارہ مئی کے قتل عام کی تحقیقات بھی ہونی چاہئے۔وہ لاہور میں کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے لئے کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے۔ آج کراچی کو آگ اور خون میں دیکھ کر ہر پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کہیں لوڈ شیڈنگ کے مارے لوگ مظاہرے کر رہے ہیں کہیں خونریزی کا شکار ہو کرسڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ روشنیوں کا شہر اندھیروں میں ڈوبا ہے۔ بیروزگاری کے خاتمے اور غربت کے خلاف جہاد کے لئے سندھ کے عوام میرے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آ کر مسلم لیگ ن اہل سندھ کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان سے جھوٹے وعدے اور جھوٹے معاہدے کئے گئے، پیپلز پارٹی نے ڈکٹیٹر کی پالیسیاں اب بھی جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کرپشن اور ٹیکس چوری روک کر عوام کو پٹرول اور ڈیزل پر رعائت دے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بحالی پاکستان کی تاریخ میں معجزے سے کم نہیں۔