5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ورلڈکپ:کینیا کاسری لنکا کو جیت کیلئے 143رنز کا ہدف
جنگ نیوز -
کولمبو…کینیا نے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کو جیت کے لئے143رنز کا ہدف دے دیا ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ میں گروپ اے کے اس میچ میں کینیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 142رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔کینیا کی جانب سے پہلے بیٹنگ کافیصلہ سود مند ثابت نہ ہوسکا اور کینین بیٹسمین سری لنکن بالنگ کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئے،سری لنکا کی جانب سے لاسیتھ مالنگا نے کینین بیٹنگ لائن کا جنازہ نکال دیا اور صرف38رنز پر چھ وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔کینین کی اوپنگ جوڑی مورس اوما اورسیرن واٹرز بالترتیب ایک اور تین رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے کولنگ اوبایا اور ڈیوڈ اوبایا نے سری لنکن بالر کے آگے بند باندھا تاہم دونوں بالترتیب باون اوراکیاون رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے اور ان کے آوٴٹ ہوتے ہی گویا کینین بیٹسمینوں کے درمیان پویلین واپس جانے کی دوڑ لگ گئی۔کینیا کے چار بیٹسمین بغیر کوئی رنز بنائے آوٴٹ ہوئے۔لاسیتھ مالنگا نے کینین کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور صرف7.4اوورز میں38رنز دے کر چھ وکیٹیں حاصل کی جس میں ان کے دوسری ورلڈ کپ ہیٹ ٹرک شامل ہے۔سری لنکا کی جانب سے نوان کالوسیکیرا،اینجلیو میتھیوز اورمتھایا مرلی دھرن نے بالترتیب ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔