5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شہباز بھٹی نے نوے کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد میں قاتلانہ حملے میں مارے جانیوالے وفاقی وزیر اقلیتی امورشہباز بھٹی نے نوے کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا اور ان کا تعلق فیصل آباد کے گاؤں خوش پور سے تھا۔ شہباز بھٹی1968 میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی تھی،ان کاتعلق مسیحی برادری کے کیتھولک فرقے سے تھا اورغیرشادی شدہ تھے۔ شہبازبھٹی نے اعلیٰ تعلیم لاہور میں حاصل کی ، کالج اور یونیورسٹی میں تعلیمی کیریئر کے دوران سیاست سے وابستہ رہے اور پیپلزپارٹی سے ان کی جذباتی وابستگی بھی رہی،بعد میں انہوں نے پیپلز پارٹی سے رسمی وابستگی اختیار بھی کی جبکہ وہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں بھی شمار کئے جاتے رہے ہیں۔پرویزمشرف کے دور حکومت میں انہوں نے سال2002 میں آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے نام سے سیاسی جماعت بنائی جس میں مسیحی، ہندو ، سکھ اور دیگر اقلیتوں کو شامل کیا تھا۔ان کی جماعت نے انتخابات میں پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا ، شہباز بھٹی ، پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن بھی تھے ، وہ فروری2008 کے عام انتخابات میں خصوصی نشست پر رکن قومی اسمبلی بنے ،وہ موجودہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی گزشتہ اور موجودہ کابینہ میں شامل رہے ، انہوں نے اپنی موجودہ دور وزارت میں بین المذاہب ہم آہنگی کی قومی مہم شروع کی تھی ، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے پر انہیں مختلف عالمی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔