5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال،گاڑیاں غائب، عوام پریشان
جنگ نیوز -
کراچی…پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے شہریوں کوشدیدمشکلات کا سامنا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کے بعد کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی،جس کے بعد مزید ٹرانسپورٹ ایسویسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا۔ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے شہرمیں پبلک ٹرانسپورٹ نہایت کم ہے، جس کے باعث مختلف اداروں کے ملازمین ، اساتذہ اور طالب علموں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ بس اسٹاپ پر لوگوں کا رش ہے،البتہ گرین اور سی این جی بسیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔شہریوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے اور دفاتر کھلے ہوئے ہیں ،،جس کے باعث انکا مقررہ مقامات پر پہنچنا مشکل ہوگیا ہے،دوسری جانب رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں۔